این بی پی کے سربراہ کو ماہانہ 95 لاکھ روپے تنخواہ، 3 کروڑ روپے لائف انشورنس اور دو گاڑیاں ملیں گی
By DunyaDesk · 2026-10-27

کراچی: این بی پی کے سربراہ (صدر و سی ای او) عمران سرور کے لیے ماہانہ 95 لاکھ روپے تنخواہ، سالانہ کارکردگی بونس، دو گاڑیوں اور 3 کروڑ روپے کی لائف انشورنس سمیت مراعاتی پیکیج کی منظوری دے دی گئی ہے۔
بزنس ریکارڈر کی رپورٹ کے مطابق، بینک کے حصص یافتگان نے عمران سرور کے معاوضے اور مراعات کے پیکیج کی منظوری دی ہے، جس کا اطلاق ان کے 9 ستمبر 2026 کو عہدہ سنبھالنے کی تاریخ سے ہوگا۔
نیشنل بینک نے جمعے کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ریگولیٹری فائلنگ کے ذریعے اس فیصلے سے آگاہ کیا۔ یہ پیکیج بینکس (نیشنلائزیشن) ایکٹ 1974 کی دفعہ 11(3)(a) کے تحت منظور کیا گیا ہے، جبکہ تمام ادائیگیاں قابل اطلاق ٹیکسوں کی کٹوتی سے مشروط ہوں گی۔
ماہانہ تنخواہ اور دیگر مالی مراعات
منظور شدہ معاہدے کے مطابق، 2026 سے 2029 تک عمران سرور کو درج ذیل مراعات حاصل ہوں گی:
- ماہانہ تنخواہ: 95 لاکھ روپے مجموعی تنخواہ۔- کارکردگی بونس: اہم کارکردگی کے اشاریوں (KPIs) کی بنیاد پر سالانہ بونس دیا جائے گا۔ ان اشاریوں کی منظوری حصص یافتگان دیں گے اور بورڈ ان کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لے گا۔- رہائشی الاؤنس: رعایتی شرح پر ملازمین کے ہاؤس لون کی سہولت کے متبادل کے طور پر ماہانہ 10 لاکھ روپے۔- یوٹیلیٹی بلز: بجلی، گیس اور دیگر متعلقہ سہولیات کے اخراجات کی ادائیگی۔- ٹیلی فون کی سہولت: رہائش کے لیے دو ٹیلی فون اور دو موبائل فون، جبکہ ماہانہ بل اصل اخراجات کے مطابق ادا کیے جائیں گے۔
دو گاڑیاں، ڈرائیور اور سیکیورٹی
معاہدے کے تحت این بی پی کے صدر اور سی ای او کو دو گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔ ان میں سے ایک گاڑی 3,500 سی سی تک کی ہوگی، جبکہ دوسری گاڑی بینک کے دستیاب گاڑیوں کے بیڑے سے فراہم کی جائے گی۔
معاہدے کی مدت ختم ہونے پر عمران سرور کو اپنی مختص گاڑی خریدنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔ اس کے لیے گاڑی کی اصل قیمت یا تحریری طور پر درج فرسودہ قدر (Written-Down Value)، دونوں میں سے جو زیادہ ہو، اس کا 10 فیصد ادا کرنا ہوگا۔
انہیں دو ڈرائیور بھی فراہم کیے جائیں گے۔ متبادل طور پر ہر ڈرائیور کی تنخواہ کی مد میں ماہانہ 45 ہزار روپے ادا کیے جا سکتے ہیں۔
رہائش پر سیکیورٹی کے لیے چار گارڈز تعینات کیے جائیں گے، جو 12، 12 گھنٹے کی شفٹوں میں ڈیوٹی دیں گے۔
اس کے علاوہ پانچ گھریلو ملازمین کے اخراجات کی مد میں ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے کی ادائیگی کی جائے گی۔
چھٹیاں، طبی سہولیات اور لائف انشورنس
عمران سرور کو ہر سال 30 دن کی سالانہ چھٹیاں اور 18 دن کی اتفاقی یا بیماری کی چھٹیاں ملیں گی۔ سالانہ چھٹیاں زیادہ سے زیادہ 90 دن تک جمع کی جا سکیں گی، جنہیں آخری مجموعی تنخواہ کی بنیاد پر نقد رقم میں تبدیل کرایا جا سکے گا۔
ان کی رہائش پر زیادہ سے زیادہ 15 لاکھ روپے کی مالیت کا جنریٹر فراہم کیا جائے گا، جس کی لاگت معاہدے کی مدت کے دوران مرحلہ وار شمار کی جائے گی۔
طبی سہولیات کے تحت عمران سرور اور پاکستان میں مقیم ان کے زیر کفالت اہل خانہ کے طبی اور دانتوں کے علاج کے اخراجات اصل بلوں کے مطابق ادا کیے جائیں گے۔
انہیں معاہدے کی مدت کے دوران 3 کروڑ روپے کی لائف انشورنس بھی فراہم کی جائے گی۔ تاہم، انشورنس کی سالانہ پریمیم رقم کا 50 فیصد عمران سرور اور باقی 50 فیصد بینک ادا کرے گا۔
گریجویٹی اور کلبوں کی رکنیت
معاہدے کے تحت عمران سرور کو ہر سال ملازمت کے عوض آخری مجموعی ماہانہ تنخواہ کے برابر گریجویٹی دی جائے گی۔
اس کے علاوہ دو کلبوں کی رکنیت حاصل کرنے کی ابتدائی فیس اور تین کلبوں کے سبسکرپشن چارجز بھی بینک ادا کرے گا۔
فائلنگ کے مطابق، معاہدے کی پوری مدت کے دوران معاوضے اور مراعات کا پیکیج تبدیل نہیں ہوگا۔
معاہدہ ختم ہونے یا استعفیٰ دینے کی صورت میں شرائط
اگر بینک معاہدے کی مدت مکمل ہونے سے پہلے ملازمت ختم کرتا ہے تو منظور شدہ معاہدے کی متعلقہ شرائط کے مطابق عمران سرور کو باقی ماندہ مدت کے عوض ادائیگی کی جائے گی۔
دوسری جانب، استعفیٰ دینے کی صورت میں انہیں نوٹس کی مدت کے حصے کے طور پر تین ماہ کی گارڈننگ لیو (Gardening Leave) پر جانا ہوگا۔ اس دوران ملازم کو ملازمت سے متعلق معاہدے کی شرائط کے مطابق کام کی ذمہ داریوں سے الگ رکھا جا سکتا ہے۔
عمران سرور کا بینکاری تجربہ
عمران سرور کو 3 ستمبر 2026 سے تین سال کے لیے نیشنل بینک آف پاکستان کا صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا گیا تھا۔
انہیں بینکاری کے شعبے میں 36 سال سے زائد تجربہ حاصل ہے، جس میں کارپوریٹ بینکنگ، ادارہ جاتی بینکاری، سرمایہ کاری بینکاری، قرضوں اور رسک مینجمنٹ کے شعبے شامل ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں خدمات انجام دی ہیں۔
این بی پی میں شمولیت سے قبل وہ یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) میں گروپ ایگزیکٹو، رسک اینڈ کریڈٹ پالیسی اور چیف رسک آفیسر کے عہدوں پر فائز تھے۔
اس سے قبل وہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک میں بھی اہم عہدوں پر کام کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے متحدہ عرب امارات میں کارپوریٹ بینکنگ کے سربراہ اور منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
اس کے علاوہ وہ خوشحالی مائیکروفنانس بینک اور پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی (پی ایم آر سی) کے بورڈز میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
Comments
No comments yet. Be the first to share your view.